واشنگٹن۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وزیراعظم کینیڈا جسٹن ٹروڈیو سے ایک ایسے وقت بات کی ہے جب دونوں ممالک کے تعلقات دودھ مصنوعات کی تجارت کو لے کر کوئی خاص خوشگوار نہیں ہیں۔ وائیٹ ہاؤز نے کل ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں قائدین کے درمیان ٹیلیفون پر ہوئی بات چیت فریقین کے لئے اطمینان بخش رہی جہاں وسکانسن، نیویارک اور دیگر علاقوں میں دودھ مصنوعات تجارت کے موضوع پر بات چیت کی گئی۔ علاوہ ازیں کینیڈا میں پیدا ہونے والی خصوصی نرم لکڑی کی امریکہ برآمد کیلئے یو ایس ڈپارٹمنٹ آف کامرس نے ایک بلین ڈالرس کی ڈیوٹی عائد کرنے کا اشارہ دیا تھا، البتہ یو ایس کامرس سیکریٹری ولبرراس نے کہا تھا کہ فری ٹریڈ کیلئے یہ ہمارا آئیڈیا نہیں ہے۔ بہرحال یہ ہفتہ امریکہ، ۔ کینیڈا کے تعلقات کے لئے ایک خراب ہفتہ ثابت ہوا۔ قبل ازیں امریکی صدر ٹرمپ نے بھی اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ ڈیوٹی عائد کرنے کا معاملہ امریکہ اور کینیڈا کے درمیان تجارتی جنگ کے روپ میں سامنے نہیں آنا چاہئے۔