یوگی کا جنتادربار ، مسائل حل کرنے حکام کو ہدایت

گورکھپور۔ 30جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے آج یہاں ’’جنتا دربار‘‘ لگاکر فریادیوں کے مسائل سنے اور حکام کو انہیں حل کرنے کی ہدایت دی۔کشی نگر کے وشنو پورا علاقہ کے بیکنٹھ پوری گاوں میں رہنے والی نجمہ خاتون نے چیف منسٹر سے فریاد کی کہ 2012ء میں اس کی شادی ہوئی تھی مگر خلیجی ملک عمان میں ملازمت کررہے اس کے شوہر یوسف نے فون پر اسے تین طلاق دے دیں جس کی وجہ جہیز نہ ملنا تھا۔ پانچ برس کے بیٹے کے ساتھ جنتادربار میں آئی نجمہ نے بتایا کہ شادی کے بعد شوہر اپنی ماں کے کہنے پر اس پر کافی مظالم کرتا تھا اور اسی کے کہنے پر طلاق بھی دی۔متاثرہ نے بعد میں بتایا کہ مجھے کتنا درد ہے میں بیان نہیں کرسکتی کیونکہ میرے ماں باپ بہت غریب ہیں اور اپنے ماں باپ پر بوجھ نہیں بننا چاہتی اور شوہر کے گھر پر جانہیں سکتی ہوں۔ اس نے کہاکہ میں نے سینئر حکام سے فریاد کی لیکن کوئی کامیابی نہیں ملنے پر آج یہاں یوگی کے جنتا دربار میں انصاف کے لئے آئی تھی اور ہم نے اپنا پورا معاملہ چیف منسٹر کو بتا دیا۔ چیف منسٹر نے معاملہ کی مکمل سماعت کی اور درخواست لی۔ ساتھ ہی یقین دلایا کہ جلد ہی اس پر کارروائی کی جائے گی۔ اس نے بتایا کہ وزیراعلی نے توجہ کے ساتھ اسکی بات سنی اور کہا کہ ان کی سطح پر جتنا ہوسکے گا اتنا کریں گے ۔وزیراعلی نے اسی طرح دیگر لوگوں کے بھی مسائل سنے اور انہیں حل کرنے کا یقین دلایا۔