یوگیندر یادو اور پرشانت و شانتی بھوشن نے پارٹی کی شکست کیلئے کام کیا : عاپ

نئی دہلی 10 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی میں داخلی اختلافات آج پھر شدت سے باہر آگئے جبکہ پارٹی کے اعلی قائدین نے شانتی بھوشن ‘ پرشانت بھوشن اور یوگیندر یادو پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے پارٹی کی شکست اور اروند کجریوال کا امیج خراب کرنے کی کوشش کی ہے ۔ پارٹی کے اعلی قائدین نے داخلی اختلافات پہلی مرتبہ باضابطہ بیان جاری کیا ہے ۔ یہ بیان ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیہ ‘ وزیر ٹرانسپورٹ گوپال رائے ‘ پارٹی جنرل سکریٹری پنکج گپتا اور سنجے سنگھ بیان جاری کرتے ہوئے پرشانت بھوشن اور یوگیندر یادو کو سیاسی امور کمیٹی سے علیحدہ کرنے قومی عاملہ کے فیصلے کی مدافعت کی ۔ انہوں نے کہا کہ تینوں نے اور خاص طور پر پرشانت بھوشن نے دوسری ریاستوں کے والینٹرس کو فون کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پارٹی کیلئے مہم نہ چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بار وہ پارٹی کیلئے مہم نہیں چلائیں گے اس لئے والینٹرس کو بھی اس سے دور رنا چاہئے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ پرشانت بھوشن نے کہا تھا کہ پارٹی کو شکست ہونی ضروری ہے کیونکہ اسی وقت اروند کجریوال کو کچھ سمجھ آسکتی ہے ۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مہاراشٹرا کی عام آدمی پارٹی لیڈر انجلی دمانیہ کی موجودگی میں انہوں نے میسور کے ورکرس سے ایسی ہی باتیں کہی تھیں اور پارٹی کو عطیات دینے والوں کی حوصلہ شکنی کی گئی تھی ۔ پارٹی کے کچھ حلقوں کا ماننا ہے کہ یہ تینوں قائدین پارٹی کے قومی کنوینر کی حیثیت سے اروند کجریوال کو بیدخل کرنے کی کوشش کر رہے تھے ۔ بعد میں پرشانت بھوشن اور یوگیندر یادو کو پارٹی کی سیاسی امور کمیٹی سے بیدخل کردیا گیا تھا ۔