یوگا اور سوریہ نمسکار ‘ عقیدہ توحید سے ٹکراؤ ‘ مولانا ولی رحمانی

نئی دہلی 19 جون ( پریس نوٹ ) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے کار گزار جنرل سکریٹری مولانا محمد ولی رحمانی نے اپنے بیان میں کہا کہ روئے زمین کی تمام چیزیں ایک پروردگار کی بنائی ہوئی ہیں جسے اس نے انسانوں کی مختلف ضرورتوں کو پورا کرنے بنایا ہے ۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ اللہ کی بندگی کریں۔ اسی کے سامنے جھکیں اور اسی سے دعائیں مانگیں اور یہ نہ بھولیں کہ جو چیزیں انسانوں کیلئے بنائی گئی ہیں ان کے سامنے جھکنا ‘ نمسکار کرنا بندگی کرنا یا ان سے کچھ مانگنا انسانوں کی توہین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوگا اور سوریہ نمسکار سورج کی پوجا ہے اور یوگا بھی ہندووں کا طرز عبادت ہے ۔ مولانا رحمانی نے کہا کہ ہمارے ملک میںایسے لوگ بھی ہیں جو مسلمانوں سے اور ان کی نسلوں سے توحید کا عقیدہ چھین لینا چاہتے ہیں اور کسی نہ کسی ترکیب سے ان کو اپنے مشرکانہ برہمی رنگ میں رنگ لینا چاہتے ہیں۔ اسی ترکیب کا ایک حصہ سوریہ نمسکار ‘ یوگا اور وندے ماترم ہیں جن کا تعلق برہمنی دھرم اور ویدک کلچر سے ہے ۔ مسلمان اللہ کی وحدانیت کے قائل ہیں اور انہیں سوریہ نمسکار ‘ یوگا اور وندے ماترم سے الگ رہنا چاہئے ۔