واشنگٹن ۔23 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر براک اوباما اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے انتباہ دیا کہ یوکرین کی سرحد میں روسی افواج کی موجودگی اور شیلز داغے جانے سے اُس خطہ میں حالات کے مزید بگڑنے کے اندیشے پیدا ہوجائیں گے ۔ اوباما نے مرکل سے کل فون پر بات کی تھی جس میں یوکرین میں جاری بحران پر خصوصی توجہ دی گئی تھی ۔وائیٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق اوباما نے مرکل سے کہا تھا کہ گزشتہ ماہ ملیشیائی مسافر بردار طیارہ کو مارگرائے جانے کے واقعہ کے بعد بحران میں اضافہ ہوا ہے ۔ دونوں قائدین اس نکتہ پر متفق نظر آئے کہ روس نے یوکرین کی منظوری کے بغیر وہاں جس فوجی جمعیت کو روانہ کیا ہے وہ یوکرین کی مطلق العنانی کی سراسر خلاف ورزی ہے جو حالات کو مزید بگاڑ سکتی ہے ۔ وائیٹ ہاؤس سے جاری بیان میں اوباما اور مرکل کی اُس تشویش کو بھی ظاہر کیا گیاہے جو دونوں قائدین نے یوکرین میں روسی افواج کی موجودگی ، روس کی جانب سے یوکرین کی سرحدوں میں شیلز داغے جانے پر کی تھی ۔