یوکرین مسئلہ پر اوباما کا پوٹن کو انتباہ

واشنگٹن ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما نے آج انتباہ دیا کہ اگر روس تیز رفتار سے مشرقی یوکرین میں کشیدگی کم نہ کرے تو روس پر مزید تحدیدات عائد کی جائیں گی۔ وزیراعظم اٹلی مٹیو رینزی سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے صدر امریکہ بارک اوباما نے عہد کیا کہ روس کو علحدگی پسندوں کو جنگ بندی معاہدہ کی تعمیل پر آمادہ کرنے کیلئے ان پر دباؤ ڈالا جائے گا۔ دونوں قائدین نے اتفاق کیا کہ باہمی تعاون سے روس پر مزید تحدیدات عائد کی جائیں گی اگر وہ مشرقی یوکرین میں کشیدہ صورتحال دور کرنے کیلئے تیز رفتار اقدامات نہ کرے۔ وائیٹ ہاؤز نے کہا کہ دونوں قائدین نے اتفاق کیا کہ یوکرین اور علحدگی پسندوں دونوں امن منصوبہ پر عمل آوری کیلئے مذاکرات جاری رکھنا چاہئے۔ یوکرین کی نئی مغرب حمایت یافتہ قیادت نے عہد کیا ہیکہ یکطرفہ جنگ بندی پر عمل کرنے اور امن مذاکرات کی پابند رہے گی۔