کییف ، 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) یوکرائن میں مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان منگل کو جھڑپوں کے بعد یہاں دارالحکومت میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق گزشتہ روز جھڑپوں میں 25 افراد ہلاک ہوئے جبکہ آزاد ذرائع یہ تعداد زیادہ بتا رہے ہیں۔ دوسری جانب گزشتہ شب کییف کے مرکز میں قائم اپوزیشن کا دفتر آگ لگنے کے باعث تباہ ہو گیا۔ اس دوران صدر وکٹور یانوکووچ نے ایک بیان میں کہا کہ تنازعے کو ختم کرنے کیلئے اب بھی وقت ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اپوزیشن کو متنبہ کیا کہ وہ ’انتہا پسندوں‘ سے دور رہیں، ورنہ صدر ان سے کسی اور لہجے میں بات کریں گے۔
اسی دوران یوکرائن کے اپوزیشن قائدین نے کہا ہے کہ صدر کے ساتھ ان کے مذاکرات بے نتیجہ ختم ہو گئے ہیں۔ قبل ازیں حکومت مخالف مظاہرے بدترین رْخ اختیار کر گئے۔ پولیس نے کہا کہ مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں مہلوکین میں چھ سکیورٹی جوان اور دیگر شہری شامل ہیں۔ پولیس کی ترجمان نے کہا کہ منگل کی جھڑپوں کے نتیجے میں سات پولیس ملازمین بھی ہلاک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے بعض گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے اور بعدازاں ہلاک ہوگئے۔ مظاہرین کے نمائندہ نے کہا کہ شہری ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہے۔ زخمیوں کی تعداد زائد از ایک ہزار بتائی جا رہی ہے۔