یوکرائن کے وزیراعظم مستعفی

کییف ، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سیاسی خلفشار کی شکار یورپی مملکت یوکرائن کے وزیراعظم میکولا آزاروف نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنا عہدہ چھوڑنے کا اعلان ایسے وقت کیا ہے جب وہاں دو ماہ سے جاری بحران کے خاتمے کیلئے پارلیمان میں اصلاحات پر غور وخوض ہو رہا ہے۔ آزاروف کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق انہوں نے ذاتی طور پر یہ فیصلہ کیا ہے تاکہ ملک میں جاری بحران کے پرامن خاتمے کیلئے سیاسی افہام وتفہیم کے مزید راستے کھل سکیں۔ دوسری طرف صدر وکٹر یانوکووچ نے مظاہروں کے خلاف بنائے جانے والے متنازعہ قانون کو ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ یوکرائن کی وزیر انصاف ایلینا لوکاش نے بتایا کہ گزشتہ رات گئے صدر وکٹر یانوکووچ اور حزب اختلاف کے اہم قائدین کے مابین منعقدہ ایک ملاقات میں فریقین نے اس قانون کو ختم کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔

فرانس میں بیروزگاری کی ریکارڈ شرح
پیرس ، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) فرانس میں بیروزگاری کی شرح ریکارڈ حد تک بڑھ گئی ہے۔ وزارت روزگار کے مطابق دسمبر میں رجسٹرڈ بیروزگار افراد کی تعداد 3.3 ملین تھی، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ صدر فرانسوا اولاند نے وعدہ کیا تھا کہ 2013ء کے اختتام تک روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ مگر گزشتہ بارہ مہینوں کے دوران مزید تقریباً دو لاکھ افراد بیروزگار ہوئے ہیں۔ یورپی اعداد و شمار کے ادارہ یورو اسٹیٹ کے مطابق فرانسیسی بیروزگاری کی شرح 10.8 فیصد ہے۔ صدر اولاند کی پالیسیوں کے خلاف مظاہرے بھی ہو رہے ہیں۔