یوکرائن کا فائربندی کا معاہدہ خطرے میں

کییف ، 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مشرقی یوکرائن میں سکیورٹی فورسز اور باغیوں کے درمیان گزشتہ روز کی جھڑپوں میں ایک خاتون ہلاک جبکہ کم از کم دیگر پانچ افراد زخمی ہوگئے۔اس تازہ تشدد کے تناظر میں خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ وہاں دو روز سے جاری فائربندی کا معاہدہ غیر مؤثر ہو سکتا ہے۔ تاہم روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور یوکرائنی صدر پیڑو پوروشینکو نے اس معاہدے پر عملدرآمد پر اتفاق رائے کیا ہے۔ جمعہ کو کییف حکومت اور باغیوں نے بیلا روس میں فائربندی کے اس معاہدے پر دستخط کئے تھے تا کہ گزشتہ پانچ ماہ سے جاری اس مسلح تنازعے کا خاتمہ ہو سکے۔ اس تنازعہ کی وجہ سے مشرقی یوکرائن میں اب تک تقریباً تین ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ سردجنگ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ روس اور مغربی ممالک کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔