یوکرائن میں صدارتی انتخابات کیلئے ووٹنگ شروع

کیوف 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) یوکرائنی عوام آج اتوار کو نئے ملکی صدر کے انتخاب کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ صدارتی انتخابات کی پولنگ انتہائی سخت سکیورٹی میں جاری ہے اور یہ سلسلہ مقامی وقت کے مطابق شام آٹھ بجے ختم ہو گا۔ ابتدائی نتائج ووٹنگ ختم ہونے کے دو گھنٹے بعد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ اس الیکشن میں موجودہ صدر پیٹرو پوروشینکو دوسری مدتِ صدارت کے امیدوار ہیں۔ انہیں ایک کامیڈین اداکار ولودومیر زیلنسکی سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق زیلنسکی اتوار کے انتخابی عمل میں زیادہ ووٹ حاصل کر کے انتخابی ماہرین کو حیران کر سکتے ہیں۔ کسی امیدوار کے مطلوبہ ووٹ حاصل نہ کرنے کی صورت میں صدارتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ اکیس اپریل کو ہو گا۔