بلیا ۔ 27 فبروری ۔( سیاست ڈاٹ کام )بی جے پی رکن پارلیمنٹ کے بشمول بی جے پی کے کئی قائدین نے اُترپردیش کے وزیر اُوم پرکاش راج بھر پر الزام عائد کیا کہ وہ جھوٹے دعویٰ کرتے ہوئے غریب عوام کو گمراہ کررہے ہیں ۔ اپنے راج بھر طبقہ کے ارکان پر اثر انداز ہونے کا بھی اُنھوں نے دعویٰ کیا ہے ۔ سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی جس کی قیادت راج بھر کررہے ہیں ریاست میں حکمراں بی جے پی پارٹی کے حلیف رُکن ہیں۔ اُوم پرکاش راج بھر نے اپنے طبقہ کے ارکان سے غداری کی ہے۔ گھوشی سے تعلق رکھنے والے بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ یوپی کے وزیر نے اپنے علاقہ میں کوئی ترقیاتی کام انجام نہیں دیئے ۔ 2017 ء اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی کو آٹھ نشستیں دی گئیں تھیں ۔ ان میں سے ایک پر انھوں نے مقابلہ کیا تھا ، دوسری نشست کیلئے انھوں نے اپنے فرزند کو کھڑا کیا ، دیگر پر بھی اپنے رشتہ داروں کو ہی موقع دیا ۔ اور مابقی سیٹوں کیلئے انھوں نے سودے بازی کرلی تھی ۔ اب وہ دھمکی دے رہے ہیں کہ ان کے پاس ان کے طبقہ کی طاقت ہے اور وہ رائے دہندوں کی بڑی اکثریت رکھتے ہیں۔ آنے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے انھوں نے ابھی سے ہی عوام کو گمراہ کرتے ہوئے بلیک میل کرنا شروع کیاہے ۔