یوپی کے سرکاری اسکولس میں یوگا کا عنقریب لزوم

طالبات کو حفاظت خود اختیاری کی تربیت ، خانگی اسکولس میں من مانی فیس روکنے اقدامات
نئی دہلی ۔ 4 اپریل۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اُترپردیش کے سرکاری اسکول میں یوگا تعلیمی پروگرام کو عنقریب لازمی قرار دیا جائے گا ۔ چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ نے عہدیداروں کو اس ضمن میں اقدامات کی ہدایت دی ہے ۔ ریاستی حکومت نے ان اسکولس میں طالبات کو لازمی طورپر خود کے دفاع کی تربیت فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت اُترپردیش کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ادتیہ ناتھ نے کل رات محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی ۔ اس موقع پر انھوں نے ’’رانی لکشمی بائی آتما رکھشا کاریکرم ‘‘ اور ’’یوگ شکشھا کاریکرم ‘‘ شروع کرنے کی ہدایت دی ۔ اجلاس میں انھوں نے اجتماعی طورپر نقل نویسی کے واقعات اور سرکاری ٹیچرس کی جانب سے خانگی کوچنگ سنٹرس چلائے جانے کی صورت میں ایف آئی آر درج کرنے پر زور دیا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ خانگی اسکولس اور کالجس میں من مانی فیس کی وصولی سے نمٹنے کیلئے رہنمایانہ ہدایات جاری کی جائیں۔ انھوں نے اُترپردیش کی تمام یونیورسٹیز میں یکساں نصاب کی ضرورت ظاہر کی اور کہا کہ کالجس میں اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تعلیمی سیشن پابندی کے ساتھ منعقد ہو۔ ادتیہ ناتھ نے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ٹیچرس کی مخلوعہ جائیدادیں پُر کرنے پر بھی زور دیا۔ اس کے علاوہ آئی ٹی آئی میں قدیم کورسیس جیسے ریڈیو میکانیک کو ختم کرکے صنعتوں کی ضرورت کے اعتبار سے نئے کورسیس شروع کرنے کی ضرورت ظاہر کی ۔ ادتیہ ناتھ نے یہ واضح کیا ہے کہ خانگی انجینئرنگ کالجس جو بند ہونے کے دہانے پر ہیں اُن کے وسائل سے دیگر تعلیمی ادارے استفادہ کرسکتے ہیں اور اس ضمن میں تمام امکانات کا جائزہ لیا جانا چاہئے ۔

گاؤ رکھشک نہیں روزگار کی ضرورت :سی پی ایم
نئی دہلی ۔ 4 اپریل۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک کے نوجوانوں کو گاؤ رکھشک کمیٹیوں یا عاشقی کرنے سے روکنے کیلئے اسکواڈس کی ضرورت نہیں بلکہ تعلیم اور روزگار کی ضرورت ہے ۔ سی پی آئی (ایم ) نے بی جے پی زیراقتدار مرکزی اور یوپی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ پارٹی جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے کہاکہ نوجوانوں کو تعلیم ، اچھی صحت اور روزگار فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جانے چاہئیں ۔ انھوں نے کارپوریٹ اداروں سے قرض کی وصولی پر بھی زور دیا ۔