یوپی کے ایڈوکیٹ جنرل کی برطرفی

لکھنؤ۔/31جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت اتر پردیش نے ایڈوکیٹ جنرل (AG) ونئے چندر شمرا کو ان کے عہدہ سے ہٹادیا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے 29جولائی کو جاری کئے گئے ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 29جولائی سے گورنر یو پی نے ونئے چندر مشرا کو ان کے عہدہ سے برخواست کردیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کے پاس نئے اے جی کے انتخاب کیلئے اختیارات ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں اسوقت کے اے جی ایس پی گپتا کے استعفی کے بعد مشرا کو اے جی مقرر کیا گیا تھا۔ مشرا نے کہا کہ اگر ان سے استعفی کیلئے کہا جاتا تو وہ خود اپنا استعفی پیش کردیتے۔ انہوں نے ان کی برخاستگی کو مبینہ سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بی ایس پی سربراہ ملائم سنگھ کو پوری صورتحال سے واقف کروائیں گے۔ قبل ازیں مشرا بار کونسل آف انڈیا کے صدرنشین اور سات میعادوں کیلئے بار کونسل آف الہ آباد ہائی کورٹ کے صدر رہ چکے ہیں۔

بس حادثہ میں پانچ ہلاک
اُدھم پور ( جموں و کشمیر )۔/31جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر کے اودھم پور ڈسٹرکٹ میں ایک مسافر بس کے سڑک سے پھسل کر کھائی میں گرجانے کے حادثہ میں پانچ افراد ہلاک اور 16زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق گذشتہ شب مسافر بس اودھم پور سے کھورگلی کی جانب جارہی تھی کہ ڈوبی گلی کے قریب سڑک پر پھسلنے کی وجہ سے گہری کھائی میں گر پڑی جس میں چار مسافرین جائے حادثہ پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک دیگر مسافر دوران علاج جانبر نہ ہوسکا۔زخمی شخص کو دہرہ دون کے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔