یوپی میں عصمت ریزی واقعات :مہیلا کانگریس کا احتجاج

نئی دہلی ۔ 12 جون (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا مہیلا کانگریس کارکنوں نے آج اترپردیش بھون کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بدایوں عصمت ریزی مقدمہ اور یو پی میں عصمت ریزی واقعات کی تعداد میں مسلسل اضافہ کے خلاف احتجاج کیا جارہا تھا۔ کل ہند مہیلا کانگریس کی صدر شوبھا اوجھا نے کہا کہ یو پی میں عصمت ریزی کے واقعات میں تیز رفتار اضافہ پریشان کن ہے۔ اس حقیقت کے باوجود کہ حکومت کہہ رہی ہیکہ عصمت ریزی کے واقعات سے نمٹا جارہا ہے۔ ان کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اجتماعی عصمت ریزی، عصمت ریزی اور روزانہ قتل کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ یہ انتہائی پریشان کن ہے۔ خواتین کانگریس کارکنوں نے مطالبہ کیا کہ خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے

اور قائدین پولیس ’’غیرذمہ دارانہ تبصروں‘‘ سے گریز کریں۔ اوجھا نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اکھیلیش یادو حکومت فوری کارروائی کریں ساتھ ہی ساتھ غیرذمہ دارانہ اور ترس کھانے کے تبصرہ قائدین اور پولیس کی جانب سے نہیں کئے جانے چاہئیں۔ انہیں عورتوں کے مسائل سے نمٹنے کے سلسلہ میں انتہائی حساس ہونا چاہئے۔ دریں اثناء قومی کمیشن برائے خواتین نے مطالبہ کیا ہیکہ چیف منسٹر یو پی کا ریاست میں عصمت ریزی کے کئی واقعات کی وجہ سے استعفیٰ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدایوں عصمت ریزی واقعہ کے بعد 8 سے زیادہ اجتماعی عصمت ریزی کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ عصمت ریزی کے واقعات میں اضافہ پر قابو پانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔