یوپی میں دہشت گرد حملوں کا الرٹ

حساس مقامات پر سَنتوں کے بھیس میں امکانی حملوں کا اندیشہ
متھرا۔ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اُترپردیش میں دہشت گرد حملوں کا الرٹ جاری کرنے کے بعد اس ریاست کے مندر ٹاؤن میں متھرا میں سکیورٹی کو سخت کردیا گیا ہے۔ پولیس کو اطلاع ملی کہ دہشت گردوں کی جانب سے سنتوں کے بھیس میں حملے کئے جاسکتے ہیں۔ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس سدھارتھ ورما نے کہا کہ انہیں سکیورٹی الرٹ موصول ہوا ہے اور کہا گیا ہے کہ سنتوں کے بھیس میں دہشت گرد ریاست میں داخل ہوسکتے ہیں اور یہاں حملے کرسکتے ہیں، اسی لئے پورے علاقوں میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ اتوار کے دن الرٹ جاری کردینے کے بعد تمثیلی ڈرل بھی انجام دی گئی۔ متھرا کو تین ڈیویژنس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ مندر کامپلیکس کو یلو زون قرار دیا گیا ہے۔ شاہی عید گاہ روڈ ریڈ زون اور پورے شہر کو گرین زون بنایا گیا ہے۔ ریڈ زون علاقہ میں سنٹرل سکیورٹی فورسیس کو تعینات کیا گیا ہے۔ مندروں اور دیگر اہم مقامات پر میٹل ڈیٹیکٹرس ایکسرے مشینوں کو نصب کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ نقل و حرکت پر نظر رکھی گئی ہے۔ بائیو میٹرک مشینوں کے ذریعہ بھی شناخت کے لئے سکیورٹی کو تعینات کیا گیا ہے۔ 2,000 سکیورٹی عملہ متھرا کے تین زونس کی نگرانی کرے گا۔ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس اشوک کمار سنگھ نے کہا کہ رات میں گیسٹ ہاؤزس اور ہوٹلوں کی بھی تلاشی لی جارہی ہے۔