مظفر نگر 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت اترپردیش مسلم قائدین کے خلاف اشتعال انگیز تقریروں کے ذریعہ تشدد پر اُکسانے کے مقدمات سے دستبرداری پر غور کررہی ہے۔ اُن میں بہوجن سماج پارٹی کے رکن پارلیمنٹ قدیر رانا کے خلاف مظفر نگر فسادات کے دوران درج مقدمات بھی شامل ہیں۔ سرکاری ذرائع کے بموجب حکومت کا شعبہ قانون ضلعی عہدیداروں کو ہدایت دے چکا ہے کہ مسلم قائدین کے خلاف اشتعال انگیز تقریروں کے ذریعہ جو 31 اگسٹ 2013 ء کو کھالا پار کے پنچایت کے ایک جلسہ میں کی گئی تھی، درج تشدد پر اُکسانے کے مقدمہ سے دستبرداری کے بارے میں رپورٹ روانہ کرے۔ یہ مقدمات بی ایس پی کے ایم پی قدیر رانا، ارکان اسمبلی نور سلیم اور مولانا جمیل احمد، سابق کانگریسی وزیر سعیدالزماں اور اِن کے فرزند سلمان سعید، مسلم قائدین اسد زماں، نوشاد قریشی، تاجر احسن، ایڈوکیٹ سلطان مشیر اور دیگر کے خلاف درج کئے گئے تھے۔ ایس آئی ٹی مقدمہ کی تحقیقات کررہی ہے لیکن تاحال کوئی فرد جرم عائد نہیں کیا گیا۔ 30 اگسٹ کو ملزم مسلم قائدین نے کھالاپار کے جلسہ کو 27 اگسٹ کو ایک مسلم نوجوان شاہنواز کے قتل کے خلاف احتجاجی جلسہ قرار دیا تھا جہاں اُنھوں نے مبینہ طور پر دھمکی آمیز لب و لہجہ میں تقریریں کی تھیں۔
دہلی میں آج ہند ۔ مالدیپ وفد کی سطح کے مذاکرات
نئی دہلی 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر مالدیپ یامین عبدالقیوم جو نومبر میں صدر مالدیپ کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد اوّلین سرکاری دورۂ ہند پر ہیں، وزیراعظم منموہن سنگھ سے آج وفد کی سطح کے مذاکرات کریں گے۔ صدر مالدیپ صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی سے بھی آج شام راشٹراپتی بھون میں ملاقات کریں گے۔ وہ ہندوستانی قیادت کے ساتھ کلیدی باہمی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے جبکہ حکومت ہند کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صدر مالدیپ کے دورہ سے باہمی تعلقات میں اضافہ ہوگا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبرالدین نے کہاکہ صدر مالدیپ کے دورہ سے قریبی اور کثیر جہتی تعلقات میں مزید اضافہ کا ہندوستان اور مالدیپ کو موقع ملے گا۔ صدر مالدیپ کے دورہ سے مالدیپ کو پیش کی جانے والی امداد اور اہم پراجکٹس پر جو تعطل کا شکار ہوگئے تھے، کام کے دوبارہ آغاز کے بارے میں ہندوستان کا موقف بھی ظاہر ہوگا۔
2012 ء میں مالدیپ نے اپنا سب سے بڑا غیرملکی سرمایہ کاری پراجکٹ مالیتی 51 کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر جو ہندوستانی کمپنیوں جی ایم آر گروپ کے ساتھ طے پایا تھا، تاکہ مالدیپ میں بین الاقوامی ایرپورٹ تعمیر کیا جائے۔ جزیرہ مالدیپ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مستقبل کے بارے میں اندیشوں کے اظہار کے بعد مالدیپ اپنی پرتعیش تفریح گاہوں کے لئے شہرت رکھتا ہے۔