باغپت (یوپی) ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے آج کہا کہ پنچایت چناؤ میں رقابت کے مسئلہ پر ایک شخص کے قتل کے سلسلہ میں 9 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج رجسٹر کیا گیا ہے جن میں ایک بی جے پی لیجسلیٹر شامل ہے۔ بی جے پی کے بداوت ایم ایل اے کرشنا پال ملک پر قتل کی سازش کا الزام ہے حالانکہ انہوں نے اسے ان کی سیاسی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش قرار دیا۔ پولیس نے کہا کہ اتوار کو 30 سالہ امیت کا قتل ہوا جب اس کے رشتہ دار اور سابق گرام پردھان رام ویر نے یہاں موضع ہیل واڑی میں اس پر حملہ کیا۔ یہ دونوں گذشتہ گرام پردھان انتخابات میں ایک دوسرے کے حریف تھے۔ پانچ دیگر افراد اس واقعہ میں زخمی ہوئے ۔ پولیس کے مطابق ایم ایل اے نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں غلط طور پر کیس میں پھنسایا جارہا ہے اور وہ کوئی بھی تحقیقات کا سامنا کرنے تیار ہے۔
ایلفنسٹون روڈ اسٹیشن میں فوٹ اوور
برج کی تعمیر میں آرمی کا تعاون
ممبئی ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) آرمی یہاں ایلفنسٹون روڈ اسٹیشن میں 31 جنوری تک نئے فوٹ اوور برج کی تعمیر میں مدد کرے گی، چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے آج یہ بات کہی جبکہ مرکزی وزراء نرملا سیتارامن اور پیوش گوئل نے اس اسٹیشن کا معائنہ کیا جہاں گذشتہ ماہ مہلک بھگدڑ مچ گئی تھی۔ وزیردفاع سیتارامن اور وزیر ریلوے پیوش گوئل کے ہمراہ چیف منسٹر فرنویس نے اس موقع پر کہا کہ آرمی یہاں دیگر دو اسٹیشنوں میں بھی فوٹ اوور بریجس تعمیر کرنے میں مدد کرے گی۔ سیتارامن نے کہا کہ یہ شاید پہلی مرتبہ ہے کہ آرمی کسی سیول ورک میں تعاون کرے گی تاکہ شہر میں بھگدڑ جیسا بدبختانہ واقعہ دوبارہ پیش نہ آنے پائے۔