یوپی ایس سی کے مارکس شیٹ اندرون 15 یوم جاری

ویب سائیٹ کے علاوہ کیمپس میں خصوصی کاؤنٹر کا قیام

نئی دہلی ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) سیول سرویسس امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدواروں کی مارک شیٹ اندرون پندرہ یوم جاری کردی جائے گی۔ یونین پبلک سرویس کمیشن (یو پی ایس سی) نے یہ بات بتائی۔ انڈین ریونیو سرویس (کسٹمز اینڈ سنٹرل اکسائز) کی آفیسر کے آر نندنی نے سیول سرویسس امتحانات 2016 میں ٹاپ رینک حاصل کیا۔ یو پی ایس سی نتائج کا کل اعلان کیا گیا جس میں انمول شیر سنگھ بیدی نے دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ وہ بٹس پلانی میں کمپیوٹر سائنس کے انجینئرنگ گریجویٹ ہیں۔ امتحانات میں جملہ 1099 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی جن میں 846 مرد اور 253 خواتین ہیں۔ اِس کے علاوہ عام زمرے میں 500 ، او بی سی امیدواروں میں 347 ، ایس سی 163 اور ایس ٹی 89 امیدوار ہیں۔ کمیشن نے ایک بیان میں کہاکہ نتائج کے اعلان کے اندرون پندرہ یوم مارک شیٹس www.upsc.gov.in پر دستیاب رہیں گے۔ یو پی ایس سی کی جانب سے باوقار سیول سرویسس امتحان تین مراحل میں ہوتا ہے جو پریلیمنری، مین اور انٹرویو پر مشتمل ہے۔ اِس کے بعد ملک کی اعلیٰ خدمات انڈین اڈمنسٹریٹیو سرویس (آئی اے ایس) ، انڈین فارن سرویس (آئی ایف ایس) اور انڈین پولیس سرویس (آئی پی ایس) کے بشمول دیگر کئی عہدوں کے لئے امیدواروں کا انتخاب عمل میں لایا جاتا ہے۔ یو پی ایس سی نے اپنے کیمپس میں اگزام ہال کے قریب ایک کاؤنٹر قائم کیا ہے۔ امتحانات یا تقررات کے سلسلے میں کسی بھی طرح کی معلومات و وضاحت کے لئے امیدوار شخصی طور پر 10 بجے دن تا 5 بجے شام رجوع ہوسکتے ہیں۔ اِس کے علاوہ امیدوار 011-23385271,23381125 اور 23098543 پر بھی ربط قائم کرسکتے ہیں۔

گائے کو مارنے والے شیطان: آر ایس ایس
جئے پور ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس کے سینئر پرچارک اندریش کمار جین نے گائے کو ذبح کرنے والوں کو شیطان قرار دیتے ہوئے کہاکہ گائے کا گوشت کھانے کے معاملے میں ملک کے عوام متفق نہیں ہیں۔ جین نے آج یہاں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہاکہ گائے سب کے لئے مفیدہے اور اس کا دودھ، گوبر اور پیشاب انسانی فلاح و بہبود کے کام آتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گائے کو ذبح کرنے والے شیطان ہیں۔