یونیورسٹی طلبہ کیلئے آنسر شیٹ کاپی صرف ایک سو روپے میں

حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) دونوں تلگو ریاستوں کے طلبہ اب اپنے امتحانات کی آنسر شیٹس کی کاپی صرف ایک سو روپے ادا کرکے حاصل کرسکیں گے۔ انفارمیشن کمیشن نے تلنگانہ اور آندھراپردیش کی یونیورسٹیز کو حکم جاری کیا ہے کہ وہ ایک سو روپے ادائیگی پر آنسر شیٹ کاپی مہیا کریں۔ جے این ٹی یو اب تک ہر آنسر پیپر کے لئے پانچ ہزار روپے چارج کرتا رہا ہے۔ عثمانیہ، کاکتیہ اور ستواہانہ یونیورسٹیاں ہر آنسر کاپی پر ایک ہزار روپے وصول کرتے رہے ہیں۔ چار سال قبل تو عثمانیہ یونیورسٹی نے آنسرشیٹ کی کاپی فراہم کرنے سے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا تھا کہ وہ آر ٹی آئی ایکٹ کے تحت نہیں ہے۔ اب قطعی سماعت کے بعد انفارمیشن کمشنر ایل ٹی کماری نے یونیورسٹیز کو ہدایت دی کہ وہ آنسر شیٹ کاپیاں فراہم کرنے کے لئے ایک سو روپے سے زائد وصول نہ کریں۔