یونس بن عمر یافعی کا انتقال

حیدرآباد 20 فروری (سیاست نیوز) محمد پہلوان کے برادر کلاں یونس محمد عمر یافعی کا طویل علالت کے بعد آج دومل گوڑہ میں واقع ایک خانگی دواخانہ میں انتقال ہوگیا۔ قائد مقننہ ایم آئی ایم اکبرالدین اویسی حملہ کیس کا گزشتہ سال ساتویں ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن کورٹ نے فیصلہ سنایا جس میں یونس یافعی کو الزامات منسوبہ سے باعزت بری کردیا گیا تھا۔ وہ حملہ میں شہید ابراہیم یافعی کے والد تھے۔وہ گزشتہ چند برسوں سے علیل تھے جس کے نتیجہ میں اُنھیں جیل میں محروس رہنے کے دوران بھی اسکاٹ ضمانت پر رہا کرتے ہوئے بارکس کے ایک خانگی دواخانہ میں علاج کی سہولت دی گئی تھی۔ باعزت بری ہونے کے بعد بھی اُن کی صحت مسلسل خراب رہی اور اُنھیں ملک پیٹ کے ایک کارپوریٹ ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا اور ان کی عیادت کے لئے اُن کے چھوٹے حسن بن عمر یافعی اور دو فرزندان عبداللہ بن یونس یافعی اور عود بن یونس یافعی کو مشروط ضمانت دی گئی تھی۔کل ہائیکورٹ میں اُن کے بھائی اور فرزندان کی پیرول پر رہائی کیلئے درخواست داخل کی جائے گی اور فیصلہ کے بعد ہی نماز جنازہ اور تدفین سے متعلق اعلان کیا جائے گا۔ میت اُن کے مکان واقع بالاپور بارکس منتقل کردیا گیا ۔