یونانی وزیراعظم اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب

ایتھنس۔11 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) یونان کے وزیراعظم الیکسس سپراس جمعہ دس مئی کی رات کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ عدم اعتماد کی تحریک میں انہیں تین سو رکنی ایوان میں 153 اراکین کی حمایت حاصل ہوئی۔ عدم اعتماد کی تحریک ایسے وقت میں پیش کی گئی تھی جب یورپی پارلیمان کے انتخابات بھی قریب ہیں اور ملکی پارلیمانی الیکشن کا اعلان جلد ہی متوقع ہے۔ رواں برس اکتوبر میں یونان میں نئے پارلیمانی انتخابات کا قوی امکان ہے۔ عدم اعتماد کی تحریک کی ناکامی کے بعد وزیراعظم سپراس نے تقریر کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے سماجی ریکوری پلان کے مقاصد حاصل کر کے رہیں گے۔