یوم جمہوریہ پر گورنردونوں ریاستوں میں پرچم لہرائیں گے

حیدرآباد۔/24جنوری، ( این ایس ایس ) گورنر ای ایس ایل نرسمہن 26جنوری کو یوم جمہوریہ تقاریب کے تحت صبح 9:15 بجے پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر قومی پرچم لہرائیں گے۔ اُس کے بعد وہ آندھرا پردیش میں اسی نوعیت کی تقریب میں حصہ لیں گے۔ گزشتہ سال گورنر نے پہلے آندھرا پردیش میں پرچم لہرایا تھا اور پھر حیدرآباد واپس ہوکر پریڈ گراؤنڈ میں پرچم کشائی کی تھی۔ ایک بیان کے مطابق گورنر اس مرتبہ پہلے یہاں سکندرآباد کی تقریب میں حصہ لیں گے اور انٹر سرویسیس کی روایتی پریڈ کی سلامی لیں گے۔ یہاں کی تقریب میں حصہ لینے کے بعد گورنر فضائی سفر کے ذریعہ آندھرا پردیش پہنچیں گے اور امراوتی میں 11 بجے دن پرچم لہرائیں گے۔حیدرآباد میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، کابینی رفقائ، ارکان مقننہ، عہدیداران شرکت کریں گے جبکہ آندھرا پردیش میں چیف منسٹر این چندرا بابونائیڈو، ریاستی وزراء اور دیگر شریک ہوں گے۔