یوم جمہوریہ پر بالی ووڈ کی حب الوطنی کا مظاہرہ

ایوارڈ یافتہ فلمی شخصیات ‘ فلم اداکاروں ‘ کلاکاروں اور فلم سازوں کے پیامات مبارکباد
ممبئی ۔26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) آج 67ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر بالی ووڈ ستاروں بشمول امیتابھ بچن ‘ لتا منگیشکر ‘ پرینکا چوپڑہ ‘ عالیہ بھٹ ‘ اکشے کمار اور دیگر نے ملک کیلئے اپنی محبت اور خلوص کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر اپنے ٹوئیٹر پر مداحوں کیلئے پیغامات تحریر کئے ۔ امیتابھ نے کہا یوم جمہوریہ مبارک ۔ اداکارہ پرینکا چوپڑہ نے جنہیں پدم شری کے ایوارڈ کا اعلان کیا گیا ہے ‘ خواہش کی کہ اس موقع پر خاتون پولیس فورس کے قیام کا اعلان کیا جاتا تو انہیں اپنے ہندوستانی ہونے پر فخر ہوتا ۔ پدما بھوشن انوپم کھیر نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ یوم جمہوریہ کے متبرک موقع پر وہ تمام ہندوستانیوں سے کہتے ہیں ’’ جئے ہند ‘‘ اداکار اکشے کمار جن کی فلم ایئرلفٹ آج ریلیز ہورہی ہے کہا کہ اس پرچم کو لہراتے رکھیں اور فخر سے اپنا سینہ تانے ۔ ہم نے وہ کردکھایا ہے جو کسی اور ملک نے اپنے ملک کو جمہوریہ بنانے کیلئے نہیںکیا ۔ اداکارہ جوہی چاؤلہ نے اپنے مداحوں پر زور دیا کہ وہ اچھے شہری بنیں ۔ اداکارہ انوشکا شرما نے تمام ابنائے وطن کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی ۔ ارجن رام پال نے ہندوستان کو بہترین ملک بنانے کا عہد کیا ۔ فلم ساز مدھر بھنڈارکر نے ٹوئیٹر پر تحریر کیا ’’ یوم جمہوریہ مبارک ‘ جئے ہند ‘ وندے ماترم ‘‘ ریتیش دیشمکھ نے تحریر کیا ’’ آپ سب کو یوم جمہوریہ مبارک ‘‘ ۔ نوجوان فلمی ستاروں عالیہ اور ورن نے اپنے مداحوں کو اس موقع پر مبارکباد پیش کی ۔ سونم کپور نے کہا کہ ایسے کئی افراد کو یاد رکھیں جو نامعلوم ہیں لیکن ان کی قربانیاں دوسروں سے کم نہیں ہیں ۔ ابھیشیک بچن نے اپنے ٹوئیٹر پر یوم جمہوریہ کی مبارکباد شائع کی ۔ فرحان اختر ‘ فلم ساز کرن جوہر اور میگھناگلزار ‘ نکھل اڈوانی اور مادھوری ڈکشٹ نے اپنے مداحوں کو مبارکباد پیش کی ۔