حیدرآباد 24 جنوری ( آئی این این ) یوم جمہوریہ تقاریب کے سلسلہ میں پولیس بندوبست کو متحرک کردیا گیا ہے اور تقریبا 1,000 پولیس اہلکاروں کو پریڈ گراونڈ اور دوسرے مقامات پر متعین کیا جا رہا ہے ۔ ڈی سی پی نارتھ زون این پرکاش ریڈی نے کہا کہ اس سلسلہ میں آر اے ایف کی خدمات بھی حاصل کی جا رہی ہیں ۔ حیدرآباد کے شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کیلئے آر اے ایف کے 120 اہلکار بھی متعین کئے جائیں گے ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ مختلف مقامات پر باضابطگی سے گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے اور مجرموں و غیر سماجی عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے ۔ لاجس اور ہوٹلس کی بھی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ جو لوگ پریڈ گراونڈ آئیں گے ان سے کہا گیا ہے کہ وہ ماچس ‘ سگریٹ لائٹرس ‘ پانی کی بوتلیں ‘ سیاہ پرچم ‘ سیاہ ربن ‘ کالے کپڑے ‘ پلے کارڈز اور دوسرے قابل اعتراض و ممنوعہ اشیا ساتھ نہ لائیں۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ پاسیس کے ساتھ ہی پریڈ گراونڈ آئیں۔