ستراسبور گ۔ 18 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) یورپی پارلیمان نے فلسطینی ریاست کو اصولی طور پر تسلیم کرنے اور تنازعہ کے دوریاستی حل کے لیے ایک مفاہمتی قرارداد منظور کر لی ہے،جس میں کہا گیا ہے کہ یورپی پارلیمان اصولی طور پر فلسطینی ریاست اور تنازعہ کے دوریاستی حل کو تسلیم کرتی ہے دوسری جانب لکسمبرگ میں بھی فلسطین کو بطور خودمختار ریاست تسلیم کرنے کے حق میں قرارداد منظور کر لی گئی ہے،تفصیلات کے مطابق یورپی پارلیمان میں نمائندگی کی حامل بڑی جماعتوں کے درمیان ڈیل کے بعد اس قرارداد کو پیش کیا گیا ہے،اس میں کہا گیا ہے کہ یورپی پارلیمان اصولی طور پر فلسطینی ریاست اور تنازعہ کے دوریاستی حل کو تسلیم کرتی ہے اور یہ یقین رکھتی ہے کہ ایسا امن مذاکرات میں پیشرفت کی صورت میں ہونا چاہئے۔ یورپی پارلیمان کے سوشل ڈیموکریٹ ،بائیں بازو اور گرین پارٹیوں کے ارکان نے چہارشنبہ کو اس قرارداد کو علامتی رائے شماری کے لئے پیش کیا تھا۔اس میں یورپی یونین کے رکن 28 ممالک پر زوردیا گیا ہے کہ فلسطینی ریاست کو اب کسی قسم کی شرط کے بغیر تسلیم کر لیں۔