امریکہ کا خطرناک کھیل : یورپی یونین
بروسلز ۔ 2 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) یورپی یونین کی ٹریڈ کمشنر کا کہنا ہے کہ امریکہ یورپی سٹیل اور ایلومینیم پر درآمدی محصولات عائد کر کے ’خطرناک کھیل‘ کھیل رہا ہے۔سیلسیلیا مالمسٹورم نے خبردار کیا ہے کہ امریکی صدر کے اس اقدام کے یورپ کی اقتصادی بحالی اور خود امریکی صارفین کیلئے خطرناک نتائج ہوں گے۔یورپی یونین نے بھی امریکی مصنوعات پر محصولات کی دس صفحات پر مبنی فہرست جاری کی ہے جس میں ہارلے ڈیوڈسن موٹر سائیکل سے لے کر بوربن شراب تک شامل ہے۔کینیڈا اور میکسیکو بھی اپنے خلاف محصولات کی جوابی اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔سیلسیلیا مالمسٹورم کا کہنا تھا کہ یورپی یونین امریکہ کے اس اقدام کو عالمی ادرہ تجارت میں چیلینج کرے گا تاہم امریکی مصنوعات پر محصولات عائد کرنا ضروری تھا کیونکہ ہم اپنی اشیا پر محصولات کو دیکھ کر محض خاموش نہیں رہ سکتے۔ٹریڈ کمشنر کے مطابق اگرچہ یورپین یونین نے محصولات عائد کر کے توازن بحال کیا ہے تاہم فریقین کسی تجارتی جنگ کی حالت میں نہیں۔’’ہم اس وقت بہت مشکل صورتحال میں ہیں۔ اور یہ صرف امریکہ کی جانب سے یورپی یونین کے خلاف اقدامات واپس لینے پر ہی ٹھیک ہو سکتی ہے‘‘۔