جنیوا۔ 2 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ اسلامی ریاست کے جرائم کی تفتیش کیلئے ایک مشن عراق بھیجے گی، اس حوالے سے اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ یہ فیصلہ اقوامِ متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے ایک ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔ اقوام متحدہ کی اس کونسل نے پیر کو جنیوا میں عراق اور فرانس کی جانب سے پیش کی گئی ایک قرار داد منظور کر لی ہے۔ یہ پیش رفت اس کونسل کے 47 رکن ملکوں کے ایک ہنگامی اجلاس میں ہوئی ہے۔یہ کونسل اسلامی ریاست کے جرائم کی تفتیش کیلئے گیارہ تفتیش کار بھیجنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس مقصد کیلئے 1.18 ملین ڈالر کا بجٹ رکھا گیا ہے۔