اسلام آباد ۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوج نے آج کہا کہ یمن میں خانہ جنگی کا تسلسل اس علاقہ کی صیانت پر سنگین اثرات مرتب کرے گا جبکہ پاکستان کی پارلیمنٹ کے جنگ زدہ یمن میں پاکستان کے فوجی اعتبار سے ملوث ہونے کے امکانات کو مسترد کردیا۔ فوجی کمانڈرس کی کانفرنس کا انعقاد جنرل ہیڈکوارٹرس عمل میں آیا جس میں سربراہ فوج جنرل راحیل شریف نے صدارت کی۔ فوج کے بیان کے بموجب کانفرنس کے شرکاء نے معاملات میں پاکستان کے ملوث ہونے کی مخالفت کی۔ تاہم تیقن دیا کہ فوج داخلی اور خارجی صیانتی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ فورم سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ فوج نے اطمینان ظاہر کیا کہ حال ہی میں ضرب عضب کے دوران جو عسکریت پسندوں کے خلاف شمال مغربی پاکستان میں کی جارہی ہے، فوج نے کافی کارنامے انجام دیئے ہیں۔ انہوں نے کمانڈرس کو ہدایت دی کہ وہ اپنے مقاصد کے حصول پر توجہ مرکوز کریں اور عسکریت پسندوں کا پوری طرح صفایا کردیں۔