یمن پر تبادلہ خیال کیلئے وزیر خارجہ ایران کی پاکستان آمد

اسلام آباد۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ ایران جواد ظریف پاکستان کا دورہ کریں گے جہاں وہ یمن کے بحران پر وہاں کے قائدین سے تبادلہ خیال کریں گے۔ صرف ایک روز قبل وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے ایران سے یہ خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ جنگ زدہ یمن کی تازہ ترین صورتحال پر مباحثہ میں حصہ لے۔ جواد ظریف کا دورہ ایک ایسے وقت ہورہا ہے جب سعودی عرب نے پاکستان سے درخواست کی تھی کہ وہ سعودی عرب کی قیادت والی اتحادی فوج کی امداد کے لئے فوج، طیارے اور جنگی بحری جہاز روانہ کرے تاکہ یمن میں شیعہ حوثیوں کے خلاف جنگ کو مزید موثر اور فیصلہ کن بنایا جائے۔ پاکستان، سعودی عرب کی اس درخواست پر ہنوز غور و خوض کررہا ہے۔ دریں اثناء پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ جواد ظریف آج پاکستان پہنچ جائیں گے حالانکہ جواد ظریف کے ایجنڈہ کا انکشاف نہیں ہوا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یمن بحران پر تبادلہ خیال کیلئے ظریف وزیراعظم نواز شریف اور اُمور خارجہ میں شریف کے مشیر سرتاج عزیز سے ملاقات کریں گے۔ نواز شریف اس معاملے میں پہلے ہی پیشرفت کرچکے ہیں اور گزشتہ ہفتہ ترکی کا دورہ بھی کیا تھا۔