اقوام متحدہ ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کل ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ یمن کی بندرگاہوں پر ایسے تمام کمرشیل بحری جہازوں کو پہنچنے کی اجازت دی جانی چاہئے جن جہازوں پر غذائی اشیاء، ایندھن اور دیگر اہم اشیاء لدی ہوئی ہیں کیونکہ یمن میں اس وقت خشک سالی کے اندیشے پائے جاتے ہیں۔ یاد رہے کہ سعودی کی قیادت والی فوج جو یمن میں شیعہ حوثیوں کے ساتھ نبردآزما ہے، نے یمن میں ان جہازوں کی آمد پر امتناع عائد کردیا ہے جسے اقوام کے سفارتکاروں نے انسانیت سوز امتناع سے تعبیر کیا ہے کیونکہ اس طرح انسانی ضروریات کی اہم اشیاء کو یمن درآمد سے روکا جارہا ہے۔ اقوام متحدہ کے امدادی چیف اسٹیفین اور برائن نے کہاکہ ان بحری جہازوں کی آمد پر امتناع کو بحال کیا جانا چاہئے تاکہ یمن کی بندرگاہیں بھی اشیائے ضروری کیلئے دستیاب رہیں۔