یمن میں ایک کیرالا کے شہری کا اغواء

ملاپورم ۔ 8 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) یمن کے دارالحکومت صنعاء میں 6 رکنی مسلح گروپ نے ایک 49 سالہ کیرالا کے باشندہ کو یرغمال بنالیا ہے ۔ ضلع ملاپورم کے متوطن سلمان اپنی بیوی اور 5 بچوں کے ساتھ گزشتہ 7 سال سے یمن میں قیام پذیر ہیں۔ سلمان کی بیوی قمرالنساء نے اپنے خسر عبدالرحمن کو یہ اطلاع دی کہ 6 رکنی باغی گروپ ہتھیاروں کے ساتھ 24 مارچ کو ان کے فلیٹ میں گھس آئے اور دیگر 5 افراد کے ساتھ سلمان کو زبردستی لیکر چلے گئے۔ بعد ازاں دیگر یرغمالیوں کو رہا کردیا گیا لیکن سلمان کا اتہ پتہ معلوم نہیں ہوسکا۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر اومین چنڈی اور وزیر خارجہ سشما سوراج کو ای میل روانہ کرتے ہوئے سلمان کی واپسی کیلئے اقدامات کی گزارش کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ یمن میں ان دنوں سعودی عرب کی زیر قیادت اتحادی افواج اور شیعہ باغیوں کے درمیان گھمسان لڑائی جاری ہے جہاں پر پھنسے ہوئے تقریباً 700 ہندوستانیوں کا اب تک تخلیہ کروالیا گیا ہے۔