یمن معاملے میں امریکہ سعودی کا ساتھ دے گا : جیرالڈ

واشنگٹن 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے یمن کے معاملے پر سعودی عرب کی غیرمتزلزل حمایت اورہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کو اپنی سرزمین کے دفاع کا بھرپور حق حاصل ہے۔امریکی وزیر خارجہ کے معاون خصوصی برائے یمن جیرالڈ فائراسٹین نے کہا کہ ہماری تمام ہمدردریاں سعودی عرب اور یمن میں باغیوں کے خلاف آپریشن میں شامل اتحاد کے ساتھ ہیں۔امریکی عہدیدار نے یمن میں حوثی باغیوں سابق منحرف صدر علی عبداللہ صالح کی حامی ملیشیا کے خلاف جاری "فیصلہ کن طوفان” آپریشن کے ساتھ ساتھ بحالی امید آپریشن کو بھی آگے بڑھانے اور بات چیت کے ذریعے مسئلے کے حل پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام مدد اور حمایت سعودی عرب کے ساتھ ہے، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ فریقین کم سے کم جانی نقصان کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کریں۔