یمن سے 350 ہندوستانیوں کی جبوتی کو منتقلی

نئی دہلی ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ سشماسوراج نے کہا ہیکہ شورش زدہ ملک یمن کے بندرگاہ عدن سے بحریہ کی ایک کشتی کے ذریعہ تقریباً 350 ہندوستانیوں کا تخلیہ عمل میں لایا گیا جنہیں افریقی ملک جبوتی پہنچایا گیا ہے جہاں سے انڈین ایرفورس کے ایک طیارہ کے ذریعہ ہندوستان واپس لایا جائے گا۔ اس دوران مملکتی وزیر امور خارجہ وی کے سنگھ بھی یمن میں پھنسے ہوئے تقریباً 4000 ہندوستانیوں کے بحفاظت انخلاء کی مہم کی نگرانی کیلئے جبوتی پہنچ گئے ہیں۔ سشماسوراج نے ٹوئٹر پر لکھا ہیکہ ’’ہندوستانی شہریوں کا عدن سے تخلیہ کیا گیا ہے جو ہندوستانی بحریہ کے ایک جہاز کے ذریعہ جبوتی پہنچ گئے ہیں جنہیں انڈین ایرفورس کے خصوصی طیارہ سے ہندوستان لایا جائے گا۔ ایک طیارہ کوچی پہنچے گا دوسرا ممبئی پہنچے گا۔ میرے ساتھی جنرل وی کے سنگھ اس مہم میں ہندوستانی بحریہ اور ایرفورس کے ساتھ جبوتی میں جاری کاموں میں مصروف ہیں‘‘۔ یمن سے تخلیہ کئے گئے 350 افراد میں 206 کا تعلق کیرالا، 40 کا ٹاملناڈو، 21 مہاراشٹرا، 23 کا مغربی بنگال اور 22 کا دہلی اور چند دوسروںکا دیگر ریاستوں سے تعلق ہے۔ وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہندوستانی بحریہ کی دو کشتیاں ممبئی اور ترکش یمن میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کی مدد کیلئے جاری ’آپریشن راحت‘ میں حصہ لے رہے ہیں۔