نئی دہلی ۔ /5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان نے آج مزید 670 شہریوں کا یمن سے تخلیہ کرایا ۔ ان میں 488 افراد کو صنعا سے تین ایرانڈیا کی پروازوں کے ذریعہ واپس لایا جارہا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی جنگ سے متاثرہ یمن میں اب تک تقریباً 2300 ہندوستانیوں کو بحفاظت واپس لایا جاچکا ہے ۔ وزیر امور خارجہ سشما سوراج نے بڑے پیمانے پر جاری ’’آپریشن راحت ‘‘ کیلئے ایرانڈیا کا شکریہ ادا کیا ۔ وزارت امور خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ ایرانڈیا نے صنعا کیلئے تین کامیاب پروازیں چلائیں اور 488 ہندوستانیوں کو واپس لایا جارہا ہے ۔ قبل ازیں سشما سواراج نے ٹوئٹر پر بتایا کہ ہندوستانی بحریہ نے انسانی جذبہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین پاکستانی شہریوں کو بحری جہاز میں سوار کرالیا ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے بھی 11 ہندوستانی شہریوں کو واپس لانے میں مدد کی ہے ۔