صنعا ، 24جنوری (سیاست ڈاٹ کام) یمن میں ہزاروں شہری آج باغیوں کے خلاف اب تک کا سب سے بڑا مظاہرہ کرتے ہوئے دارالحکومت صنعا کی سڑکوں پر نکل آئے اور ستمبر میں دارالحکومت پر شیعہ باغیوں کے قبضہ کے بعد یہ پہلا بڑا عوامی مظاہرہ تھا جس میں احتجاجیوں نے حوثیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ طاقتور شیعہ باغیوں کو چیلنج کرنے کیلئے یمنی شہریوں نے حال ہی میں ایک تحریک بنائی ہے ۔ فرانسیسی نیوز ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ حوثی قبیلہ کے درجنوں حامیوں نے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی جس کے نتیجہ میں کچھ دیر گئے دونوں گروپوں میں جھڑپ ہوگئی لیکن بعد میں حوثی وہاں سے چلے گئے کیونکہ ان کے خلاف مظاہرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا تھا۔ صنعا یونیورسٹی کے قریب واقع تبدیلی چوک پر باغیوں کیخلاف مظاہرہ کیلئے جمع ہوئے تھے جو بعد میں وسطی صنعا میں واقع قصر جمہور کی سمت روانہ ہوگئے ۔