یعقوب میمن کو سزائے موت کی ناگپور جیل میں تیاریاں

ناگپور ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ یعقوب میمن کو پھانسی پر لٹکانے کے مقررہ وقت میں بمشکل ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے، وہ 1993ء ممبئی سلسلہ وار بم دھماکہ مقدمہ کے واحد مجرم ہیں، جنہیں سزائے موت دی جائے گی۔ انہیں پھانسی پر لٹکانے کی تیاریاں ناگپور سنٹرل جیل میں کی جارہی ہیں۔ عہدیدار فرضی آزمائشیں بھی کررہے ہیں۔ آئی جی پی میرا بوروانکر نے آج شام قید خانہ کا دورہ کیا اور پھانسی کی سزاء کی تیاریوں کا جائزہ لیا جو 30 جولائی کو مقرر ہے۔ بوروانکر پونے سے بذریعہ طیارہ آج شام دیر گئے ناگپور پہنچے اور فوری سنٹرل جیل روانہ ہوگئے تاکہ وہاں تیاریوں کا جائزہ لے سکیں۔ امکان ہیکہ وہ چند دن شہر میں مقیم رہیں گی تاکہ تمام کام منصوبہ کے مطابق انجام پائیں ۔ تاہم سزائے موت کی تعمیل کی ذمہ داری ناگپور جیل کے سپرنٹنڈنٹ پر ہے۔