بی جے پی قائدین مودی سے خائف ، ’سامنا‘ کا اداریہ
ممبئی 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے مرکز کو للکارتے ہوئے کہاکہ اگر سابق وزیر فینانس یشونت سنہا کے ریمارکس غلط ہیں تو حکومت اِسے ثابت کرکے دکھائے۔ ملک کی معیشت کے تعلق سے یشونت سنہا نے کل بیان دیا تھا جس پر آج ملک بھر میں سیاسی طوفان کھڑا ہوگیا، اُنھوں نے مودی حکومت کی پالیسیوں کے باعث ملک کی معیشت کو خطرہ قرار دیا تھا۔ شیوسینا کے اخبار میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ بی جے پی کے کئی قائدین مرکزی حکومت کے خلاف اظہار خیال کرنے سے خوفزدہ ہیں۔ انھیں ڈر ہے کہ کہیں اِن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اگر انھوں نے منہ کھولا تو اِن میں عتاب نازل ہوجائے گا۔ یشونت سنہا کی جانب سے کی گئی تنقیدوں پر شیوسینا نے حکومت سے جواب دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ یشونت سنہا، اٹل بہاری واجپائی زیرقیادت این ڈی اے حکومت میں وزیر فینانس تھے۔ ایک اخبار میں شائع مضمون میں اُنھوں نے ملک کی معیشت کے بارے میں کچھا چھٹا پیش کیا ہے جس سے سیاسی طوفان اُٹھ کھڑا ہوا ہے۔ مرکز کے دو اعلیٰ وزراء نے زور دے کر کہا ہے کہ ہندوستانی معیشت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور یہ دنیا بھر میں ترقی کی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ شیوسینا کے ترجمان ’سامنا‘ میں پارٹی نے ادعا کیاکہ بعض لوگ خوابوں کی دنیا میں جی رہے ہیں۔ ان کے بیانات خیالی ہوتے ہیں۔ مرکزی وزراء نے ترقی سے متعلق جو بیان دیا ہے وہ خیالی ہے۔ یہ صرف انتخابات جیتنے کا حربہ ہے۔
یہ لوگ دولت کی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے یا الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے اقتدار پر آتے ہیں لیکن ملک کی معیشت نہایت نازک دور سے گزر رہی ہے۔ جب منموہن سنگھ ، پی چدمبرم جیسے ماہرین نے ملک کی صورتحال کے بارے میں انکشافات کئے ہیں تو اِن کا کہنا کافی ہے۔ اب بی جے پی کے سینئر لیڈر یشونت سنہا نے جو طویل عرصہ سے وزارت فینانس کا قلمدان اپنے رکھتے تھے، اسی طرح کے بعض انکشافات کئے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ اُن کے بیان کو بددیانت دار یا اب قوم دشمن قرار دیا جائے۔ لیکن انھوں نے جو کچھ کہا وہ غور طلب ہے اور حکومت کو اِن کے بیان میں کچھ غلطی نظر آرہی ہے تو اُسے ثابت کرنا چاہئے۔ روس نے اسٹالین کی حکمرانی کے دوران اس حکومت کے خلاف یا اس کے نظریہ کے خلاف اگر کوئی زبان کھولتا تو اُسے رات کی تاریکیوں میں غائب کردیا جاتا تھا۔ روس میں سچ بولنے کی سزا صرف موت تھی اور ہمیں یشونت سنہا کے بارے میں سوچنا چاہئے کہ انھیں کونسی سزا ملے گی۔ شیوسینا نے الزام عائد کیاکہ مرکز کی این ڈی اے حکومت سچائی قبول کرنے تیار نہیں ہے۔ شیوسینا اسی این ڈی اے کی حلیف پارٹی ہے۔ اداریہ میں مزید کہا گیا کہ اگر شیوسینا نے غلط بات کہی ہے تو اِن کے الزامات کو ثابت کیا جائے۔ اگر وہ غلط ہیں تو اِن کی غلطیوں کی نشاندہی کی جائے۔ بی جے پی کا تنخواہ یاب سوشیل میڈیا شیوسینا کو غلط ثابت کرنے میں ناکام ہوچکا ہے۔
یشونت سنہا اپنے موقف پر قائم،فرزند جینت کا سرکاری پالیسیوں کا دفاع
نئی دہلی ۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے سینئر قائد یشونت سنہا حکومت کی جانب سے ان کی تنقید کو مسترد کردیئے جانے کے بعد ان کے فرزند مرکزی وزیر جینت سنہا بھی اس مسئلہ میں شامل ہوگئے اور سختی کے ساتھ حکومت کی معاشی پالیسیوں کا دفاع کیا۔ یشونت سنہا نے امید ظاہر کی کہ مرکز اپنے طریقہ کار میں تبدیلی کیلئے کچھ نہ کچھ کرے گا۔ وہ واجپائی کابینہ میں مرکزی وزیرفینانس رہ چکے ہیں۔
یشونت سنہا ماہر معاشیات نہیں بلکہ
معاشیات سے ناواقف : بی جے پی
نئی دہلی ۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے صدر کاشتکار شعبہ ویریندر سنگھ مست نے آج پارٹی کے سینئر قائد یشونت سنہا کے سرکاری معاشی پالیسی پر تنقید کی مذمت کرتے ہوئے سابق مرکزی وزیرکو ارتھ شاستری (ماہر معاشیات) نہیں بلکہ انرتھ شاستری (معاشیات سے ناواقف) قرار دیا اور کہاکہ وہ تباہ کارہیں۔ بیشتر افراد کو یشونت سنہا کی اچانک تنقید کے مقصد کے بارے میں شکوک و شبہات ہیں اور وہ اس پر غور چاہتے ہیں۔