یسین بھٹکل کی عدالتی تحویل میں توسیع

حیدرآباد۔6جولائی ( پی ٹی آئی/سیاست نیوز) انڈین مجاہدین کے جیل میں قید کارندہ یسین بھٹکل کو آج یہاں ایک مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اُس کی عدالتی تحویل میں توسیع دی گئی ۔ جیل کے ایک عہدیدار نے ان اطلاعات کو مسترد کردیا کہ بھٹکل نے عدالت کے احاطہ میں ایک کاغذ کا ٹکڑاپھینکا تھا جس پر کچھ لکھا ہوا تھا ۔ اس عہدیدار نے کہا کہ ’’ عدالتی تحویل میں توسیع کیلئے یہ ایک معمول کی حاضری تھی ‘‘ ۔ یسین بھٹکل فبروری 2013ء کے دلسکھ نگر دھماکہ کیس کا ایک ملزم ہے اور چرلہ پلی سنٹرل جیل میں قید ہے ۔ سیاست نیوز کے مطابق رنگا ریڈی کورٹ کے اسپیشل این آئی جج کے اجلاس پر آج یسین بھٹکل کو پیش کیاگیا جہاں پر اس نے ایک مکتوب احاطہ عدالت میں پھینک کر سنسنی پھیلا دی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مکتوب میں اس نے جیل سے فرار ہونے کی اطلاعات کو غلط قرار دیتے ہوئے خبروں کو بے بنیاد بتایا ۔ عدالت نے حاضری کے بعد یسین بھٹکل اور اس کے ساتھیوں کو دوبارہ چرلہ پلی جیل منتقل کردیا۔