واشنگٹن ۔ یکم ؍ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بابائے قوم مہاتما گاندھی کے ہاتھوں تحریر کردہ ایک مکتوب جس میں انہوں نے یسوع مسیح کے وجود پر سیر حاصل بحث کی تھی، کو نیلام کیا جائے گا جس سے توقع ہیکہ 50,000 امریکی ڈالرس حاصل ہوں گے۔ مکتوب پر 6 اپریل 1926ء کی تاریخ درج ہے جو انہوں نے گجرات میں واقع سابرمتی آشرم سے تحریر کیا تھا۔ مذکورہ مکتوب کافی عرصہ سے مہاتما گاندھی کی خانگی اشیاء کے مجموعہ میں شامل ہے جو فاؤنٹن پین والی روشنائی سے تحریر کیا گیا ہے جس پر مہاتما گاندھی کے دستخط بھی موجود ہیں۔ پنسلوانیا کے راب کلکشن کے ذخیرہ میں یہ مکتوب بھی شامل ہے۔ مہاتما گاندھی نے امریکہ کے عیسائیوں کے مذہبی بزرگ تصور کئے جانے والے ملٹن نیوبیری فرانز سے مخاطب ہوتے ہوئے یسوع مسیح کو کرۂ ارض اور انسانیت کا عظیم ترین مدرس قرار دیا ہے۔ راب کلکشن نے اپنی ایک پریس ریلیز میں گاندھی جی کے اس مکتوب کو مذہب کے موضوع پر تحریر کردہ ایک بہترین مکتوب قرار دیا ہے۔