حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : حکومت تلنگانہ ریاست میں یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کی غرض سے جدید پالیسی مرتب کرنے پر غور کررہی ہے تاکہ یتیم بچوں کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کا ازالہ کیا جاسکے ۔ ذرائع کے بموجب حکومت تمام یتیم بچوں کو تعلیم اور ملازمت کے حصول میں حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لیے ریاست کے یتیم بچوں کا دوبارہ مکمل سروے کروانے پر غور کررہی ہے تاکہ ریاست کے مستحق یتیم بچوں کے ساتھ انصاف روا رکھا جاسکے اور یتیم بچوں کو تعلیمی میدان اور ملازمتوں کی فراہمی میں دئیے جانے والے تحفظات کے علاوہ انہیں دیگر اہم بنیادی سہولتوں کو یقینی بنایا جاسکے ۔ اس سلسلہ میں ریاست کے یتیم بچوں کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں سے چھٹکارا دلانے کو یقینی بنانے کی غرض سے ریاستی وزراء کی ذیلی کمیٹی کا ایک خصوصی جائزہ اجلاس کا بھی انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں مختلف فلاح و بہبود شعبوں کے سرکاری عہدیداروں اور ریاستی وزراء نے شرکت کی ۔ اس دوران وزراء نے اجلاس میں شریک عہدیداروں سے یتیم بچوں کی فلاح و بہبودی پر جدید پالیسی مرتب کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جب کہ مذکورہ جدید پالیسی مرتب کرنے سے متعلق رپورٹ تیار کرنے کے لیے وزراء نے اندرون ہفتہ ایک اور ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔۔