نوجوان اور حامیوں کے سروں کا سمندر، فلک شگاف نعروں کی گونج میں عوام کا والہانہ خیرمقدم
حیدرآباد 27 اپریل (سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے مختلف علاقوں میں آج مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار جناب مجید اللہ خاں فرحت نے موٹر سیکل ریالی کا اہتمام کرتے ہوئے عوام سے مختلف مقامات پر مخاطب کیا۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت کی ریالی میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوان شریک تھے جو ’’اِس بار فرحت بھائی یار‘‘ کے نعرے بلند کررہے تھے۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد تبدیلی کے رجحان میں ہوئے اضافہ کی غمازی کررہی تھی۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت کی موٹر سیکل ریالی نے بھوانی نگر، تالاب کٹہ، سالم چوک، نشیمن نگر، یاقوت پورہ ، ایس آر ٹی کالونی، بڑا بازار، امان نگر، گنگا نگر کے علاوہ حلقہ کے مختلف علاقوں کا احاطہ کیا۔ ریالی کے دوران فرحت خاں کے مداحوں کے علاوہ محبان مجلس بچاؤ تحریک کی جانب سے حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے تحریک کے امیدوار کی بکثرت گلپوشی کی گئی۔ اِس موقع پر مختلف مقامات سے خطاب کے دوران جناب مجید اللہ خاں فرحت نے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ عوام نے جن محبتوں سے اُنھیں نوازا ہے وہ اس کے بے حد ممنون و مشکور ہیں۔ اُنھوں نے عوام کی محبتیں اُن پر احسان قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ اِن احسانات کا بدلہ شب و روز خدمت کے ذریعہ بھی نہیں چکا سکتے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کے والد غازی ملت الحاج محمد امان اللہ خاں مرحوم نے عوام کی جس انداز سے خدمت کی ہے اُسی طرز خدمت کو وہ جاری رکھیں گے اور ملت مظلوم کی ایوانوں میں آواز کو پہونچانے میں کوئی دقیقہ نہیں چھوڑیں گے۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت نے بتایا کہ عوام نے جس انداز سے اُن کی حوصلہ افزائی کی ہے اور جو توقعات وابستہ کی ہیں وہ اُن پر پورا اُترنے کی کوشش کریں گے۔ ریالی کے دوران کئی برقعہ پوش خواتین نے فرحت خاں کی کامیابی کیلئے دعائیں دیں اور تبدیلی کی اِس لہر کی برقراری و مقصد کے حصول کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔