یاقوت پورہ اسمبلی حلقہ میں فرحت اللہ خاں کی تائید و حمایت،حامیوں کی منفرد انتخابی مہم ، بچوں میں بھی خصوصی دلچسپی

حیدرآباد۔24اپریل(سیاست نیوز) پرانے شہر کا ہر نوجوان فرحت خان ہے اوربحیثیت رکن اسمبلی میرا انتخاب نہیںبلکہ فرحت خان کا ہے جو اپنے سینے میں ملت اسلامیہ کے لئے دھڑکتا دل رکھتا ہے۔ اسمبلی حلقہ یاقوت پورہ سے مجلس بچائو تحریک کے امیدوار مجید اللہ خان فرحت انجینئر کے دعوے پرانے شہر کے مسلمانوں میںانقلاب برپا کررہے ہیں ۔ اپنے انتخابی جلسوں میں فرحت خاں خود کو ملت اسلامیہ کا سپاہی قراردیتے ہوئے ہر اُس نوجوان کو فرحت خان پکار رہے ہیں جو سیاسی تبدیلی کے ذریعہ پرانے شہر کے مسلمانوں کی حالت زار کو بدلنے کا خواہش مند ہے۔ مجید اللہ خان فرحت کے یہ دعوے اور اعلانات پرانے شہر کے نوجوانو ں کو بے انتہا متاثر کررہے ہیں۔ نہ صرف نوجوان بلکہ نونہال بھی مجید اللہ خان فرحت کی تقریر سے متاثر ہوکر مجلس بچائو تحریک کے پرچم اور ٹوپیاں حاصل کرنے کی کوشش کرتے دیکھائی دے رہے ہیں ۔ پرانے شہر میںانتخابی سرگرمیوں کے مشاہدے کے موقع پر آج ایک ایسے ہی نوجوان سے ملاقات ہوئے ۔ نوجوان نے اپنا نام عقیل محمد خان بتایا اور کہاکہ وہ مجید اللہ فرحت خان انجینئر کے ولولہ انگیز خطابات سے بے انتہا متاثر ہے اور وہ اپنے موٹر سیکل پر آئی ایم فرحت خان یعنی ’’ میں فرحت خان ہوں‘‘ کا نعرہ لکھاکر پرانے شہر کے تعلیم یافتہ نوجوانوں میں شعور بیداری مہم چلارہے ہیں تاکہ جس نعرے کے ذریعہ فرحت خان نے پرانے شہر بالخصوص یاقوت پورہ اسمبلی حلقہ جو مسلم رائے دہندوں کا قلعہ سمجھا جاتا ہے وہاں پر بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لانے کا اعلان کیا ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔عقیل محمد خان نے کہاکہ میں اپنی موٹر سیکل پر ’’میںفرحت خان ہوں‘‘ لکھاکر فخر محسوس کررہا ہوں کیونکہ جس طرح فرحت خان اسمبلی حلقہ یاقوت پورہ سے منتخب ہوکرہر نونہال کو تعلیم اور ہر نوجوان کو روزگار فراہم کرنے کی نمائندگی کے وعدے کررہے ہیں جس کی پرانے شہر کو اشد ضرورت ہے ۔نوجوان نے کہاکہ وہ اپنے ذاتی صرفہ سے پرانے شہر میں مجلس بچائو تحریک کی انتخابی مہم چلارہے ہیں اور عوام سے رجوع ہوکر سیاسی تبدیلی کے ذریعہ پرانے شہر کے مسلمانوں کو اپنی حالت زار تبدیل کرنے کے بہترین موقع کے متعلق شعور بیداری مہم چلارہے ہیں۔