ہ20 ہزار اساتدہ کی بھرتیوں کیلئے عنقریب ڈی ایس سی کا انعقاد

حیدرآباد 24 نومبر ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج اعلان کیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے بہت جلد 15 تا 20 ہزار اساتذہ کے تقرر کیلئے ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹی ( ڈی ایس سی ) کا انعقاد عمل میں لایا جائیگا ۔ اس سلسلہ میں آئندہ دو ہفتوں میں اعلامیہ جاری کیا جائیگا ۔ تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن امیدواروں نے 1998 اور 2000 کے ڈی ایس سی میں شرکت کی تھی انہیں بھی تازہ ڈی ایس سی میںدوبارہ شرکت کی اجازت دی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت ان امیدواروں کو دوبارہ موقع دینے کے عہد کی پابند ہے اور انہیں موقع سے محروم نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 1998 اور 2000 کے ڈی ایس سی میں حصہ لے چکے امیدواروں کو ٹیچر کی ملازمت حاصل کرنے کیلئے دوبارہ امتحان تحریر کرنے کی اجازت دی جائیگی ۔ چیف منسٹر نے یہ واضح کیا کہ حکومت بہت جلد بیروزگاروں کو روزگار فراہم کرنے امتحانات منعقد کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اعلامیہ دو ہفتوں میں جاری کیا جائیگا ۔ چیف منسٹر نے یہ بھی واضح کیا کہ آئندہ دو ماہ میں کنٹراکٹ عملہ کو باقاعدہ بنایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ کملاناتھن کمیٹی نے عہدیداروں کی تقسیم کا اپنا کام مکمل کرلیا ہے ۔ تقریبا 95 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے اور اسے پایہ تکمیل تک پہونچنے کیلئے مزید ایک ہفتے کا وقت درکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین سیلف ہیلپ گروپس کو بھی بہت جلد اچھی خبر ملے گی جبکہ ٹی آر ایس کارکنوں کو بھی ان کا حق دیا جائیگا ۔