کابل ، 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) عنقریب اپنے عہدہ سے رخصت ہونے والے امریکی وزیر دفاع چک ہیگل ایک اچانک دورے پر آج افغانستان پہنچ گئے۔ افغان دارالحکومت میں انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ افغان سکیورٹی دستے طالبان کے بڑھتے ہوئے حملوں کے باوجود عسکریت پسندوں کو شکست دینے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ افغانستان میں موجود اپنی فورسز میں سے مزید ایک ہزار فوجیوں کے انخلاء کو ملتوی کر دے گا۔ یہ اضافی فوجی اگلے سال کے شروع کے کئی مہینوں تک افغانستان ہی میں رہیں گے۔ اس طرح 2015ء کے اوائل میں افغانستان میں امریکی فوجیوں کی موجودہ تعداد کم کر کے 9800 کی بجائے 10,800 کر دی جائے گی۔ افغانستان میں نیٹو کا 13 سالہ جنگی مشن اس مہینے کے آخر میں مکمل ہو جائے گا۔