ممبئی ۔ 29 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا اے ٹی ایس سربراہ ہیمنت کرکرے کی اہلیہ کویتا کرکرے کا آج شہر کے ایک ہاسپٹل میں برین ہیمرج کے سبب انتقال ہوگیا۔ ہیمنت کرکرے کو 26/11 ممبئی دہشت گرد حملے میں ہلاک کردیا گیا تھا ۔ پی ڈی ہندوجا ہاسپٹل اینڈ میڈیکل ریسرچ سنٹر نے ایک بیان میں کہاکہ کویتا کرکرے کو آج صبح مردہ قرار دیا گیا۔ 57 سالہ کویتا کو ہفتہ کو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا ۔ بعد ازاں وہ کوما میں چلی گئی تھی ۔ اُن کے بچوں دو لڑکیوں اور ایک لڑکے نے اُن کے اعضاء ضرورت مند افراد کو عطیہ دینے پر رضامندی ظاہر کی ۔ کویتا کرکرے نے ممبئی دہشت گرد حملوں میں سکیورٹی کوتاہیوں پر آواز اُٹھائی تھی اور اُن کا یہ احساس تھا کہ یہ دہشت گرد حملے کروائے گئے اور یہی اُن کے شوہر کی موت کا سبب بنے ۔ جنھیں دہشت گردوں نے جنوبی ممبئی میں 26 نومبر 2008 ء کی شب گھات لگاکر نشانہ بنایا تھا۔ کویتا کرکرے نے اپنے شوہر کی ہلاکت کے بعد پولیس عملے کو زیادہ موثر ہتھیار ، ٹریننگ اور دیگر سہولیات کا بھی مطالبہ کیا تھا ۔ اُن کے شوہر کو دہشت گردوں نے ممبئی کے کاما ہاسپٹل کے قریب ہلاک کیا اور اس حملے میں ایڈیشنل پولیس کمشنر اشوک کامٹے اور سینئر پولیس انسپکٹر وجئے سلاسکر بھی ہلاک ہوگئے ۔