جئے پور 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فلمی اداکارہ اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی کو آج یہاں ایک ہاسپٹل سے ڈسچارج کردیا گیا۔ انھیں ضلع دوسہ میں پیش آئے سڑک حادثہ کے بعد شدید زخمی حالت میں ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا تھا۔ فورٹیس ہاسپٹل کے ترجمان نے بتایا کہ فلمی اداکارہ کو ارکان خاندان کی خواہش پر آج صبح 9.30 بجے ڈسچارج کردیا گیا۔ ہیما مالنی کی کل یہاں ہاسپٹل میں پلاسٹک سرجری کی گئی اور ناک کے قریب فریکچر کا علاج ہوا۔ جمعرات کی شب دوسہ میں 66 سالہ اداکارہ اُس وقت زخمی ہوگئی تھیں جب ان کی کار مخالف سمت سے آنے والی دوسری کار سے ٹکرا گئی اور اس حادثہ میں ایک 4 سالہ لڑکی ہلاک ہوگئی۔ پولیس نے ہیما مالینی کے ڈرائیور کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جہاں اُسے ضمانت پر رہائی ملی۔ دریں اثناء جئے پور کے ہاسپٹل سے ڈسچارج کردیئے جانے کے بعد اداکارہ سے سیاستداں بننے والی ہیما مالنی ایک خصوصی طیارہ کے ذریعہ ممبئی پہونچ گئیں۔ ان کے ہمراہ دختر ایشا دیول اور داماد بھرت تختانی بھی تھے۔ ہیما کی قیامگاہ واقع جوہو کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایشا نے بتایا کہ میری والدہ حادثہ میں زخمی افراد کی مدد کریں گی
اور یہ کام صرف لیڈر ہونے کے ناطے نہیں بلکہ انسانی ہمدردی کے جذبہ سے ہوگا۔ واضح رہے کہ ہیما مالنی جس کار میں سفر کررہی تھیں وہ مخالف سمت سے آنے والی دوسری کار سے ٹکرا جانے کے باعث ایک 4 سالہ لڑکی ہلاک اور دیگر 5 افراد زخمی ہوگئے اور اس حادثہ میں ہیما مالنی بھی شدید زخمی ہوئیں۔ ایشا نے بتایا کہ جب حادثہ ہوا تب ممی (ہیما مالینی) کی جو حالت تھی، وہ آس پاس کے ماحول کے بارے میں کیسے سوچ سکتی تھیں۔ لیکن ہمیں افسوس ہے اس خاندان نے اپنا کھویا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ حادثہ کے وقت ہیما مالینی کار میں محو خواب تھیں۔ اگرچہ انھوں نے کار میں بیٹھے ہوئے افراد کو بیلٹ باندھنے کیلئے کہا تھا لیکن تصادم سے اچانک زور کا دھکہ لگا۔ شدید حادثے کے وقت کوئی بھی بات چیت کرنے کے موقف میں نہیں تھا۔ انھوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے ہیما جی کو مکان پر آرام کا مشورہ دیا ہے، وہ اب بہتر محسوس کررہی ہیں۔ دو یا تین دن تک آرام کے بعد عوام سے ملاقات کریں گی۔