نئی دہلی ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج دعویٰ کیا ہے کہ اگسٹا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر معاملت پر اس کی مہم کی وجہ سے حکومت کو آرڈر منسوخ کرنا پڑالیکن یہ بھی واضح کیا کہ ایسا کرنے سے حکومت کی غلطیاں فراموش نہیں ہوجاتی۔ بی جے پی ترجمان پرکاش جاودیکر نے کہا کہ کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت کی کرپشن کے خلاف بی جے پی مہم کا نتیجہ ہے کہ اس نے یہ معاملت منسوخ کردی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو غلطیاں کی ہیں وہ ختم نہیں ہوتی کیونکہ تین ہیلی کاپٹرس پہلے ہی ہندوستان کو سربراہ کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے جاننا چاہا کہ اس اسکام کیلئے کون ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی غیر شفاف پالیسیوں کی وجہ سے 2G اسپکٹرم تخصیص ، کامن ویلتھ گیمس اسکام اور کولگیٹ اسکام پیش آئے۔
انتخابات میں غیر محسوبہ دولت کا آج بھی بے تحاشہ استعمال:رپورٹ
نئی دہلی۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اگر ہم جائزہ لیں تو آج بھی یہ بات بالکل صحیح معلوم ہوتی ہے کہ انتخابات کے دوران پیسہ کی طاقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا جس کی تازہ ترین مثال حالیہ منعقد شدہ اسمبلی انتخابات ہیں جہاں پیسوںکی طاقت کا اندازہ صرف اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ عہدیداروں نے ایسی غیر محسوب دولت کا پتہ لگایا ہے جو صرف ووٹرس کو راغب کرنے استعمال کی جانے والی تھی اور یہ رقم ایک دو کروڑ روپئے نہیں بلکہ پورے 32 کروڑ روپئے تھی جس میں ریاست راجستھان سرفہرست رہی کیونکہ یہاں سے غیر محسوبہ 13.4 کروڑ روپئے ضبط کئے گئے۔