ہیلمٹ کے لزوم پر سختی سے عمل 4500 چالانات

حیدرآباد ۔ /2 مارچ (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں آج سے ہیلمٹ اور لائسنس ساتھ رکھنے کے لزوم پر سختی سے عمل آوری کا آغاز ہوگیا ۔ حیدرآباد ٹریفک پولیس نے آج 4500 چالانات موٹر سیکل سواروں کے خلاف جاری کئے جو ہیلمٹ کے لزوم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے ۔ اس سلسلے میں تفصیلات بتاتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک مسٹر اے وی رنگاناتھ نے بتایا کہ ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے والوں کو انہوں نے آگاہ کیا ہے کہ شہر میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ای ہیلمٹ مقدمات درج کئے جارہے ہیں جو گاڑی کے نمبر کے ذریعہ پتہ لگاکر خلاف ورزی کرنے والوں کو چالانات روانہ کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے عوام کو بتایا کہ دونوں شہروں میں کئی افراد  اس خوش فہمی کا شکار ہے کہ انہیں کسی ٹریفک کانسٹبل نے ہیلمٹ کے لزوم کی خلاف ورزی پر انہیں روک کر چالان نہیں کیا بلکہ حقیقت یہ ہے کہ سی سی ٹی وی کے ذریعہ ان کی نشاندہی کرتے ہوئے چالانات روانہ کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے والے موٹر سائیکل اور کار چلانے والوں کو اپنے ساتھ لائسنس رکھنا ضروری ہے ورنہ انہیں جرمانہ یا جیل بھی بھی ہوسکتی ہے ۔ مسٹر اے وی رنگناتھ نے حیدرآباد ہائیکورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں شہروں میں موٹر سائیکل سواروں کے حادثہ میں  اموات کے پیش نظر محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس کو موٹر وہیکل ایکٹ کے ذریعہ ہیلمٹ اور لائسنس کی پابندی کرنے کا حکم دیا گیا تھا اور پولیس ان احکام کی عمل آوری کرے گی ۔

ہیلمٹ کے لزوم پر شہریوں کا ملا جلا ردعمل۔ سینئر سٹیزنس استثنیٰ کے خواہاں
حیدرآباد۔/2مارچ، ( این ایس ایس ) ہیلمٹ کے لزوم اور ڈرائیونگ لائسنس ساتھ رکھنے کے قواعد پر سختی سے عمل کرتے ہوئے ٹریفک پولیس نے آج دن بھر موٹر سیکل رانوں اور موٹررانوں کے خلاف کارروائی کی جس پر شہریوں نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ خاص طور پر موٹر سیکلوں پر جانے والے سینئر سٹیزنس نے ناراضگی ظاہر کی۔ ٹریفک پولیس کی وارننگ کی پرواہ نہ کرتے ہوئے کئی شہریوں نے ہیلمٹ کا استعمال نہیں کیا۔ پولیس نے ہیلمٹ کے لزوم اور لائسنس ساتھ رکھنے کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانہ اور جیل بھیجنے کا انتباہ دیا تھا۔ آج دن بھر سڑکوں پر بغیر ہیلمٹ کی موٹر گاڑیاں ہی دیکھی گئیں۔ چند ایک نوجوانوں نے ٹریفک قواعد کی پابندی کی۔ کئی نوجوان لڑکے ، لڑکیوں کو اپنے آفس، کالجوں اور اسکولو ں کو بغیر ہیلمٹ کے ہی موٹر سیکلوں پر جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ ٹریفک پولیس نے جب انہیں روک کر چالان کیا تو منت سماجت کرتے ہوئے آئندہ سے ہیلمٹ پہننے کا وعدہ کیا۔ سینئر سٹیزنس نے ان پر ہیلمٹ کے لزوم کی مخالفت کی اور کہا کہ انہیں اس ہیلمٹ سے استثنیٰ دیا جانا چاہیئے۔

اسمبلی سیشن کے دوران شہر میں بند منانے بائیک رائیڈرس کی دھمکی
حیدرآباد۔/2مارچ، ( این ایس ایس ) تلنگانہ ٹو وہیلر رائیڈرس اسوسی ایشن نے آج انتباہ دیا کہ اگر ٹریفک پولیس نے ہیلمٹ کے لزوم کے نام پر ٹووہیلررائیڈرس کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری رکھا تو رائیڈر اسوسی ایشن کی جانب سے اسمبلی سیشن کے دوران دونوں شہروں میں بند منایا جائے گا۔ اسوسی ایشن کے کنوینر محمد امان اللہ خاں نے کہا کہ ٹو وہیلر رائیڈرس اسوسی ایشن کا بہت جلد اجلاس منعقد ہوگا اور ہیلمٹ کے لزوم کی مخالفت کرتے ہوئے احتجاج کیا جائے گا۔