ہیلتھ کیئر کے شعبہ میں ہندوستانی نژاد ڈاکٹر جوڑے کا خطیر رقمی عطیہ

ہوسٹن ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہندوستانی نژاد امریکی ڈاکٹر جوڑے نے ایک خانگی یونیورسٹی کے علاقائی کیمپس میں بہتر ہیلتھ کیئر کیلئے 200 ملین ڈالرس کی خطیر رقم بطور عطیہ دی ہے جس میں ہندوستان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں کو تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ کرن پٹیل جو ہندوستانی والدین کی اولاد ہیں اور جن کی پیدائش زمبیا میں ہوئی، انہوں نے بچوں کی اسپیشلسٹ ڈاکٹر پلوی پٹیل جو ان کی بیوی ہیں، کے ساتھ مل کر نووا ساؤتھ ایسٹرن یونیورسٹی (NSU) کو مذکورہ رقم بطور عطیہ دی ہے جو میامی کے قریب واقع ہے۔ اس طرح ٹمپا میں بھی ایک نیا کیمپس کھولا جائے گا۔ کرن ایک سابق کارڈیالوجسٹ ہیں جو اس وقت ٹمپافریڈم ہیلتھ کے نام سے ایک ہیلتھ کیئر کمپنی چلاتے ہیں۔ پٹیل خاندان کی جانب سے دیئے گئے اس عطیہ میں 50 ملین ڈالرس کے تحفۃ کے علاوہ 150 ملین ڈالرس رئیل اسٹیٹ کی شکل میں عطیہ دیا گیا ہے جو 325,000 مربع فٹ کا وسیع عریض میڈیکل ایجوکیشن کامپلکس این ایس یو کے نئے کیمپس کا حصہ ہوگا۔