ہیراکھنڈ ایکسپریس ٹرین حادثہ اے پی کے مہلوکین کیلئے 5 لاکھ ایکس گریشیا

وجئے واڑہ 22 جنوری (پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے وجیانگرم ضلع میں کونیرو کے مقام پر ہوئے ٹرین حادثہ میں ہلاک ہونے والے آندھرا پردیش کے باشندوں کیلئے فی کس پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے جو ایک انشورنس اسکیم کے تحت ہونگے ۔ چیف منسٹر نے ٹوئیٹر پر اعلان کیا کہ یہ رقم وزیر ریلوے کی جانب سے معلنہ ایک لاکھ روپئے ایکس گریشیا کے علاوہ ہوگی ۔ تاہم ابھی ہیراکھنڈ ایکسپریس کے پٹریوں سے اترنے کے حادثہ میں ہلاک مسافرین کی تفصیلات کا علم نہیںہوسکا ہے کیونکہ اب تک ریلوے حکام نے صرف 18 مہلوکین کی شناخت کی ہے ۔ بیشتر مہلوکین کا تعلق اوڈیشہ سے ہے اور اب تک شناخت شدہ مہلوکین میں صرف دو کا تعلق آندھرا پردیش سے ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے اپنے اوڈیشہ کے ہم منصب نوین پٹنائک سے فون پر بات کی ہے اور متاثرین کیلئے ہر ممکن مدد کا تیقن دیا ہے ۔ نائیڈو نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ انہوںنے وزیر ریلوے سریش پربھو سے بات کی ہے اور تمام ریلیف و بچاؤ کاموں کو تیز کرنے کی خواہش کی ہے ۔ انہوں نے وجیا نگرم اور وشاکھاپٹنم کے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ تمام کاموں میں تعاون کریں اور زخمی مسافرین کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے ۔